اسلام آباد: (دنیا نیوز) توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان کی عدم پیشی پر فیصلہ محفوظ کر کے سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔
الیکشن کمیشن میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی جس میں وارنٹ گرفتاری کے باوجود عمران خان پیش نہیں ہوئے۔
دوران سماعت معاون وکیل نے بتایا کہ فیصل چودھری اور دیگر وکلا لطیف آفریدی کے جنازے میں گئے ہیں، جس پر الیکشن کمیشن کے ممبر بلوچستان نے استفسار کیا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کہاں ہیں؟ ممبر پختونخوا نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ نے وارنٹ معطل کیے ہیں، لیکن پیشی سے نہیں روکا، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر نہیں کی گئی۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کی عدم پیشی پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی۔