لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے فروری کے پہلے ہفتے سڑکوں پر آنے اور وفاقی حکومت پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت میں بہتری آئی ہے اور ان کے ڈاکٹرز نے ایک ہفتے بعد ٹانگ سے پلاسٹر اتارنے کی یقین دہانی کروا دی ہے، پلاسٹر اترتے ہی عمران خان سیاسی سرگرمیوں کی براہ راست فیلڈ میں قیادت سنبھالیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی فروری کے پہلے ہفتے یا اس سے بھی پہلے سٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے، عمران خان پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھرپور انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پارٹی کے ساتھ آئندہ سٹریٹ موومنٹ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے اجلاس طلب کر لیے ہیں، اس حوالے سے عمران خان لاہور کی تنظیم کے ساتھ آج مشاورت کریں گے جبکہ باقی تنظیموں کے ساتھ بھی مرحلہ وار میٹنگز رکھی جائیں گی۔