عمران خان کو پاکستان تحریک انصاف کا پیٹرن انچیف بنائے جانے پر غور

Published On 20 January,2023 06:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان تحریک انصاف کا پیٹرن انچیف بنائے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق صدارت سے ہٹائے جانے کے قانونی امکانات کاؤنٹر کرنے کیلئے تحریک انصاف نے جوابی پلان آف ایکشن تیار کر لیا۔ عمران خان نئےعہدے کے تحت بھی تمام تر اختیارات کے ساتھ پارٹی امور کی سربراہی جاری رکھ سکیں گے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر قیادت نے عمران خان کے خلاف ہر حربہ ناکام بنانے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان کے خلاف ممکنہ اقدام کی صورت میں عہدہ بنایا جائے گا، نئے عہدے کے لیے پارٹی آئین میں تبدیلی ضروری نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جسٹس جواد حسن کی سربراہی میں سنگل بینچ نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کی الیکشن کمیشن کی درخواست کے خلاف چیف جسٹس کو لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی تھی، جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں لارجر بینچ تشکیل دیا گیا جس میں جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس شاہد کریم، جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس جواد حسن شامل تھے۔

اس کیس میں سنگل بینچ نے پہلے ہی الیکشن کمیشن کو عمران خان کی جانب سے مالی اثاثے چھپانے اور حقیقت پر پردہ ڈالنے کے لیے جھوٹا بیان جمع کرانے پر حلقہ این اے 95 (میانوالی ون) سے نااہل ہونے کے بعد انہیں پی ٹی آئی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے خلاف کارروائی کرنے سے روک دیا تھا۔

 

Advertisement