اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان تمام طاقت کے باوجود 4 سال میں ایک بھی الزام ثابت نہیں کر سکے۔
عمران خان کے بیان پہ اپنے ردِ عمل میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مافیا اور بڑے بڑے ڈاکوؤں سے ملک کو پاک کیا ہے، 4 سال میں الزامات کیوں ثابت نہیں کئے؟ چور کیوں ثابت نہ کرسکے؟ اب صرف چور کہنے سے بات نہیں بنے گی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نیب چیئرمین کو بلیک میل کر کے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا لیکن عدالت میں الزامات جھوٹ ثابت ہوئے، ایک ثبوت پیش نہ کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام عدالتوں نے آپ کے الزامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا، انگلینڈ کی نیشنل کرائم ایجنسی اور برطانوی عدالت نے آپ کے الزامات مسترد کئے، ہم نے 40 سال کا حساب دیا، ایک الزام ثابت نہ ہوا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بنی گالہ میں عدالت لگائیں اور خود جج بن جائیں اور وکیل بھی، پھر بھی جھوٹے الزامات ثابت نہیں ہوں گے، آپ اِس ملک کی مہنگائی، قرضے، معاشی تباہی اور قوم کی بے روزگاری کے مجرم ہیں۔