ترکیہ سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کا پہلا بحری جہاز کراچی پہنچ گیا

Published On 25 January,2023 06:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ترکیہ سے سیلاب متاثرین کے لیے بھیجا گیا امدادی سامان کا پہلا جہاز کراچی پورٹ پہنچ گیا، دوسرا بحری جہاز 4 فروری کو پہنچے گا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ترکیہ کے قونصل جنرل سے امدادی سامان وصول کیا، پہلے بحری جہاز کے ذریعے 864 ٹن امدادی سامان کراچی پہنچا، دوسرا بحری جہاز900 ٹن امدادی سامان لے کر آئے گا۔

امدادی سامان میں کمبل، سردیوں کے لئے گرم کپڑے، غذائی اشیا اور دیگرچیزیں شامل ہیں، یہ سامان این ڈی ایم اے کے ذریعے سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں ہماری بِھرپور مدد کی ہے، حالیہ سیلاب کے بعد سب سے پہلا امدادی سامان ترکیہ سے آیا تھا، پاکستان کے عوام ہر قدرتی آفت کے موقع پر مدد پر ترکیہ کے مشکور ہیں۔

قونصل جنرل ترکیہ نے کہا کہ ترکیہ کے لوگ پاکستان سے بے انتہا محبت کرتے ہیں، پاکستان زندہ باد اور جیوے جیوے پاکستان ترکیہ کے ہر بچے کو ازبر ہے۔
 

Advertisement