وزیراعظم شہباز شریف پشاور پہنچ گئے، ہنگامی اجلاس طلب

Published On 30 January,2023 05:32 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف پشاور پہنچ گئے، سانحہ پشاور کے افسوسناک واقعہ کے بعد ہنگامی اجلاس اور تمام متعلقہ اداروں کے حکام کو طلب کر لیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ امن وامان سے متعلق وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں پشاور پولیس لائنز میں ہونے والے دہشت گردی کے آج کے واقعے کے محرکات پر غور کیا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ شہباز شریف کے زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں واقعے پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور پہنچے، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب وزیراعظم کے ساتھ ہیں، بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت بھی کریں گے۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ خودکش حملے میں زخمیوں کی جان بچانے کے لئے خون کے عطیات دیں، خاص طور پر  او۔نیگیٹو  خون کے حامل عوام، طالب علم اور پارٹی کارکنوں سے اپیل ہے کہ فی الفور لیڈی ریڈنگ ہسپتال، پشاور پہنچیں اور قیمتی انسانی جانیں بچانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔