لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے اس وقت مالی بحران کا شکار ہے اور حالیہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ریلوے کو مزید جھٹکا لگا ہے، ہم 7 سے 8 فیصد کرایوں میں اضافہ پر غور کر رہے ہیں۔
ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ روس سے معاملات طے ہونے کے بعد امید کرتے ہیں کہ سستا تیل پاکستان کو ملے گا جس سے تیل کی قیمتوں میں کمی ہو سکے گی، پی ڈی ایم حکومت سابق حکومت کا گند صاف کر رہی ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے پہلے ہی ہمارا انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے ہمارے ادارے میں پنشنز اور تنخواہوں کی ادائیگی میں رکاوٹ آ رہی ہے، اس موقع پر پاکستان ریلوے ساڑھے پانچ ارب کا مزید خسارہ برداشت کرنے کے قابل نہیں ہے۔
جلد گرین لائن ٹرین کی آمدن سے بچت ہونا شروع ہوجائے گی
— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) January 31, 2023
دکانوں اور زرعی زمینوں کی شارٹ ٹرم لیزنگ کی اسیسمنٹ کررہے ہیں
ٓآپٹک فائبر اور برانڈنگ سے آمدن حاصل کرنے پر بھی کام کررہے ہیں
ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے ریلوے پر ساڑھے پانچ ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے pic.twitter.com/VD664ILxBT
انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے اور پاکستان ریلویز کما کر اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا کرتے ہیں، پاکستان ریلوے پانچ شیڈولز میں اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا کرتا ہے جن میں سے تین شیڈولز کی ادائیگی ہو چکی ہے بقیہ کی ادائیگیاں کل تک ہو جائیں گی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گرین لائن ٹرین کو موثر انداز سے دوبارہ شروع کر دیا ہے اور اس سے ریلوے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، جو لوگ موجودہ دور کا موازنہ عمران خان حکومت سے کرتے ہیں وہ محمد نواز شریف کے گزشتہ 4 سالہ دور حکومت سے موازنہ کریں، ہم آئی ایم ایف کو الوداع کہہ چکے تھے مگر عمران خان کی حکومت دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس چلی گئی اور آج حالات سب کے سامنے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو سب کچھ دے دو پھر بھی سکون نہیں ملے گا: خواجہ سعد رفیق
انہوں نے کہا کہ مہنگائی پاکستان کا مسئلہ ہے، موجودہ حکومت بہتری کے لیے بھر پور اقدامات کر رہی ہے اور روس سے معاملات طے پاجانے کے بعد امید کرتے ہیں کہ پاکستان کو سستا تیل ملے گا جس سے یہاں پر تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہو گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے ہم سب کو مل کر قربانیاں دینا ہوں گی اور اپنی عادات میں تبدیلی لانا ہو گی، جب مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا کہا گیا تو اس پر اعتراضات سامنے آئے حالانکہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں 8 بجے سے پہلے ہی مارکیٹیں بند ہوجاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خواجہ سعد رفیق کے زیر صدارت اجلاس، ایم ایل ون منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک وقت میں 6، 7 قسم کے پاکستان نہیں چل سکتے، ملک کو ترقی کی طرف گامزن کرنا ہے تو ایک ہی پاکستان چلے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے نے اپنی مالی مشکلات کی بحالی کے لیے وفاقی حکومت سے بوسٹر ڈوز کی درخواست کی ہے اور ریلوے میں آئی ٹی کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بات چیت چل رہی ہے، پاکستان ریلوے اپنی 2600 دکانیں کرائے پر دینے کے لیے ٹینڈرنگ کر رہا ہے۔
*وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی میڈیا سے گفتگو*
— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) January 31, 2023
اس وقت پاکستان ریلوے بڑے مالی بحران کا شکار ہے
فیول پرائس میں اضافے نے ہمارے بجٹ کو بہت متاثر کیا ہے
سیلاب سے آپریشن بند ہوا، سو آمدن بھی رک گئی
کئی سو ارب کے انفراسٹرکچر کو بھی نقصان ہوا pic.twitter.com/PPGsnJbiqA