اکتوبر 2023ء سے قبل عام انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، سید امین الحق

Published On 01 February,2023 07:33 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری مارچ تک جاری رہے گی جس کے بعد الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کیلئے 4 ماہ درکار ہوں گے، عام انتخابات کا انعقاد اکتوبر 2023ء سے قبل انعقاد ممکن نہیں ہے۔

نمبر ریسورس سوسائٹی کے زیراہتمام انٹرنیٹ گورننس کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان سیاسی جد وجہد آئین و قانون کے دائرے میں کریں ریڈ لائن کراس کریں گے تو نقصان ملک و قوم کا ہوگا، کوئی کمپنی آئے یا جائے، صارفین اور ملازمین کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

تقریب سے لاروس لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو لو ہینگ، میلون چینگ، کاشف نواز اور محمد اسماعیل سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک، ڈائریکٹر وائرلیس جہانزیب سمیت دیگر افسران و آئی ٹی انڈسٹری کی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔

سید امین الحق کا کہنا تھا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ سیاسی بے چینی بڑھ رہی ہے اور یہی سیاسی بے چینی ملک کومعاشی بد حالی کی طرف لے کر جا رہی ہے، ایک سیاسی جماعت کے طور پر ہماری خواہش ہے کہ ملک میں استحکام ہو اور ملک میں ہر صورت میں جمہوریت قائم و دائم رہنی چاہئے، لاء اینڈ آرڈر پر گہری نظر رکھی جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ طالبانائزيشن کے نام پر پاکستان میں لاء اينڈ آرڈر خراب کرنے کى کوشش کى جا رہى ہے، پاور بليک آؤٹ پر سائبر حملہ سے متعلق وزارت توانائی نے وزارت آئى ٹى سے کوئى رابطہ نہیں کیا، وزارت نے وضاحت کردى تھى کہ ٹيکنيکل فالٹ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ٹيلى نار کے حوالے سے نان بائنڈنگ آفر موجود ہے، وزارت آئى ٹى ان تمام معاملات کو ديکھ رہى ہے، صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنا ہمارى ذمہ دارى ہے، ساتھ ہی کمپنی کے ملازمين کے روزگار اور کوالٹى آف سروس پر کوئى سمجھوتا نہیں کيا جائے گا۔