اسلام آباد، سفارتی مشنز کے نمائندوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ

Published On 10 February,2023 11:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں قائم سفارتی مشنز کے نمائندوں کو بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے دی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کیلئے بھارت کی غیر قانونی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے محمد سائرس قاضی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل پر منحصر ہے۔

قائم مقام سیکرٹری خارجہ محمد سائرس قاضی نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر زور دے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے اور 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو واپس لے۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کروانے کا مطالبہ بھی کیا، یہ بریفنگ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر سے متعلق پیش رفت سے آگاہ رکھنے کیلئے پاکستان کی سفارتی رسائی کا حصہ ہے۔
 

Advertisement