اسلام آباد : (ویب ڈیسک ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایران میں انقلاب کی 44 ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات لسانی، ثقافتی اور مذہبی بنیادوں پر استوار ہیں۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے ایران میں انقلاب اسلامی کی 44 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے ، انہوں نے اپنے تہنیتی خط میں کہا کہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں میں ان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
صدرمملکت نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی صحت اور اسلامی جمہوریہ ایران کے برادر عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔