کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان جیل بھرو تحریک پر جلد یوٹرن لیں گے، یہ لوگ ایک دن جیل جاتے ہیں تو رونا دھونا شروع کر دیتے ہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان غیر سیاسی دماغ ہیں، اعلان پہلے کر دیتے ہیں، سوچتے بعد میں ہیں، ان میں ہمت ہے تو سب سے پہلے خود گرفتاری پیش کریں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان کو سندھ میں گرفتاری دینے کی پیش کش کرتے ہیں،عمران خان، اس کے حواری جیل بھرو نہیں جیب بھرو تحریک کے ماہر ہیں، عمران خان نے شوکت خانم کے چندے کے پیسوں کو نہیں چھوڑا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے مزید کہا کہ عمران خان نے عدالت میں خود اعتراف کیا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کے 30 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری میں استعمال کئے، آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان نے کیا جس پر بعد میں یو ٹرن لیا۔