سندھ حکومت کا صوبے بھر میں زلزلہ متاثرین کیلئے ریلیف کیمپس قائم کرنے کا اعلان

Published On 09 February,2023 10:41 pm

کراچی: (دنیا نیوز) حکومت سندھ نے صوبے بھر میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے ریلیف کیمپس قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف کیمپس کل سے سندھ کے ہر ضلع ہیڈ کوارٹر میں کام کرنا شروع کر دیں گے، سندھ کے عوام ان کیمپس میں دل کھول کر روز مرہ کے استعمال کی اشیاء عطیہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نقد عطیات وزیر اعظم کی جانب سے قائم ریلیف فنڈ میں جمع کرائیں، امدادی سامان سندھ حکومت کی جانب سے ہر ضلعی ہیڈ کوارٹر میں قائم ریلیف کیمپس میں جمع کروائے جائیں، صوبہ بھر میں نماز جمعہ کے بعد زلزلہ متاثرین کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان، گریڈ 19 تک 1 دن اس سے اوپر کے افسر 10 دن کی تنخواہ زلزلہ متاثرین کو دینگے

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ ترکیہ اور شام کے عوام کی مشکل وقت میں مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے، حکومت سندھ ، پیپلز پارٹی اس مشکل گھڑی میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
 

Advertisement