کوئٹہ: (دنیا نیوز) چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ترکیہ اور شام میں زلزلہ کے متاثرین کی امداد کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پولیس، تمام محکموں کے سیکرٹریز، ڈی جی پی ڈی ایم اے، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی، اس موقع پر محکمہ خزانہ کو متاثرین زلزلہ کیلئے وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ کے قیام کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے 1 تا 19 گریڈ کے ملازمین اپنی ایک دن کی تنخواہ جبکہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے افسران 10 دن کی تنخواہ ریلیف فنڈ میں دیں گے، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نماز جمعہ میں متاثرین کیلئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ عوام سے امداد کی اپیل کریں گے۔
چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، انجمن تاجران، فلور مل ایسوسی ایشن اور مخیر حضرات سے ریلیف فنڈ میں امداد دینے کی بھی اپیل کی گئی، سیکرٹری تعلیم کو سکولوں کے طلباء سے 10، 10 روپے اور کالج یونیورسٹی کے طلباء سے 20، 20 روپے جمع کرنے کی ہدایت کی گئی۔