لاہور : (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی آج چیئر مین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کرینگے ۔
چوہدری پرویز الہٰی کی آج عمران خان سے ملاقات میں سیاسی صورتحال بارے آئندہ لائحہ عمل پر بات چیت ہوگی، ملاقات میں پرویز خٹک بھی شریک ہوں گے ۔
پرویزالہٰی اور پرویز خٹک ملاقات
اس سے قبل چودھری پرویز الہٰی نے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک سے ملاقات کی ، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور پنجاب، خیبر پختونخوا انتخاب بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کی تاریخ میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں، عدلیہ آئین کی بالادستی کے ساتھ کھڑی ہے ، آئین شکنی برداشت نہیں ہوگی۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے فوری شیڈول جاری کرے، گورنر اور الیکشن کمیشن تاریخ کے معاملے پر فٹ بال کھیلنا بند کرے، قوم سب دیکھ رہی ہے کہ پی ڈی ایم الیکشن سے کس طرح خوفزدہ ہے۔
سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہاکہ عمران خان کی مقبولیت نے حکمران کی نیندیں حرام کردی ہیں، انتخاب کا شیڈول دینا الیکشن کمیشن اور گورنرز کی آئینی ذمہ داری ہے، عدالتی فیصلہ آچکا ہے اب انتخاب سے بھاگنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، تمام انتقامی کارروائیاں اور مقدمات تحریک انصاف کا راستہ نہیں روک سکتیں ۔