آبادی میں تیزی سے اضافہ قومی وسائل پر زبردست دباؤ ڈال رہا ہے، عارف علوی

Published On 13 February,2023 11:58 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تولیدی صحت کے فروغ اور بڑھتی آبادی پر قابو پانے کیلئے خاندانی منصوبہ بندی کے متعلق معاشرتی رویوں میں تبدیلی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ قومی وسائل پر زبردست دباؤ ڈال رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے آبادی فنڈ کے پاکستان میں نمائندہ ڈاکٹر لوئے شبانے سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ علماء، میڈیا اور صائب الرائے افراد خاندانی منصوبہ بندی کی حمایت سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں مدد کرسکتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کو روکنے کے لیے خاندانی منصوبہ بندی کلیدی ذریعہ ہے، علمائے کرام اور میڈیا کو خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں لوگوں کو آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے، تمام سٹیک ہولڈرز خاندانی منصوبہ بندی اور بہتر خاندانی صحت کو شادی شدہ جوڑوں کے بنیادی انسانی حقوق کے طور پر فروغ دینے کیلئے مربوط کوششیں کریں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی کی مصنوعات اور خدمات کی طلب پوری کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے عوام کی صحت اور غذائیت بہتر بنانے کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماں اور بچوں کی شرح اموات میں کمی لانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ماں کی صحت ، تولیدی صحت، ذہنی و جسمانی کمزوری اور غذائیت کی کمی پر توجہ دینا ہوگی ، انہوں نے خاندانی منصوبہ بندی اور بہتر صحت کے فروغ کیلئے صوبائی حکومتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اقوام متحدہ کے آبادی فنڈ کے پاکستان میں نمائندہ ڈاکٹر لوئے شبانے نے صدر مملکت کو پاکستان میں خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کے فروغ میں اقوام متحدہ کے آبادی فنڈ کے کردار کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آبادی فنڈ اہم ادارہ ہے جس نے پاکستان میں اب تک کیے گئے تمام ڈیموگرافک اور ہیلتھ سروے کو مدد فراہم کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حادثات سے بچنے کیلئے قوانین پر عملدرآمد لازمی ہے، صدر ڈاکٹر عارف علوی

ڈاکٹر لوئے شبانے نے کہا کہ آبادی فنڈ اعلیٰ معیار کی خاندانی منصوبہ بندی کی معلومات اور خدمات کی تیز تر فراہمی اور رسائی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا آبادی فنڈ گزشتہ 50 سالوں سے پاکستان کو تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔