پشاور: (دنیا نیوز) نگران صوبائی وزیر خوشدل خان ملک کی سرکاری ملازمت کے معاملہ پر انہیں صوبائی کابینہ سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا، محکمہ قانون نے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر رپورٹ وزیراعلیٰ کو بھجوا دی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ قانون نے رائے دی ہے کہ خوشدل خان ملک سرکاری ملازم ہیں، نگران کابینہ کا حصہ نہیں ہو سکتے، اس سلسلہ میں نگران وزیر خوشدل خان ملک کو ڈی نوٹی فائی کرنے کی سمری سی ایم ہاؤس پہنچ گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خوشدل خان ملک حلف اٹھاتے وقت ایل پی آر پر تھے، نگران صوبائی وزیر آج ریٹائر ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ اعظم خان نے محکمہ قانون کو معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی تھی، خوشدل خان وزارت داخلہ میں بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
دوسری جانب خوشدل خان ملک کا کہنا ہے کہ مجھے اپنے ڈی نوٹی فائی ہونے کا علم نہیں ہے، اسلام آباد میں چند میٹنگز کے لیے آیا ہوا ہوں، وزیراعلیٰ جو فیصلہ کریں گے قبول کروں گا۔