حکومت نے اتنی مہنگائی کر دی کہ آٹا، گھی، چکن بھی لگژری آئٹمز ہوگئی ہیں، مسرت چیمہ

Published On 16 February,2023 01:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ ٹولے نے اس قدر مہنگائی کر دی ہے کہ اب آٹا، گھی، دالیں اور چکن بھی لگژری آئٹمز ہی ہیں۔

مائیگرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اگر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو قومی لیڈر عمران خان کو دیوار سے لگانے کی سوچ کو بدلنا ہوگا، آئی ایم ایف کو نکیل ڈالنے کی بڑھک لگانے والے اسحاق ڈار نے منی بجٹ سے عوام کو نکیل ڈال دی۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ ٹولہ اپنی سیاست بچانے کیلئے آئین کیخلاف گھناؤنی سازش کر رہا ہے، یہ 22 کروڑ لوگوں کے ملک کو کرپشن سے لتھڑی ہوئی اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھانا چاہتے ہیں، عوام نے اٹل فیصلہ کر لیا ہے کہ اب شریف، زرداری خاندانوں کی آلودہ سیاست کا سکہ نہیں چلنے دیں گے۔

مسرت جمشید چیمہ نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم ٹولے نے ہر حربہ آزما لیا لیکن ان کا سیاسی گراف اوپر نہیں جا رہا، یہ بضد ہیں کہ ان کا سیاسی گراف اوپر جائے گا تو ملک میں انتخابات ہوں گے، آپ کا گراف تو اوپر نہیں جانا البتہ ملک اس نہج پر پہنچ رہا ہے کہ جہاں سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں بچے گا۔