پاکستان بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پُر عزم ہے، حنا ربانی کھر

Published On 16 February,2023 10:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے مطابق بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پر عزم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کی تقریب میں شرکت کی، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار میڈیشن کے دفتر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر اور چین کے وزیر خارجہ نے ویڈیو پیغام کے ذریعے تقریب سے خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے جرمنی، ہنگری اور لتھوانیا کے دورے کا اعلان

انڈونیشیا، سوڈان، بیلاروس، سربیا، جبوتی، الجزائر اور کمبوڈیا کے نمائندوں نے بھی ویڈیو پیغامات کے ذریعے تقریب سے خطاب کیا، چین میں پاکستان کے سفیرمعین الحق نے بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے تمام فریقین کو دفتر کھولنے پر مبارکباد دی اور آئی او ایم ڈی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے مطابق بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پر عزم ہے، ترقی بین الاقوامی برادری کا مشترکہ مقصد ہے، حل طلب بین الاقوامی تنازعات غربت کا باعث بنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاور آف اٹارنی کی ڈیجیٹائزیشن سے سروسز میں شفافیت آئے گی، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ حل نہ ہونے والے بین الاقوامی تنازعات، جیسے جموں و کشمیر، ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں، ایک بڑے ترقی پذیر ملک اور پائیدار ترقی کے راستے پر ایک اہم شراکت دار کے طور پر چین کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔

حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ چین کا ہمارے عوام کی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کرنے کے لیے بین الاقوامی نظام کو مضبوط بنانے میں ایک ناقابل فراموش کردار ہے، توقع ہے کہ بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی (آئی او ایم ڈی) بین الاقوامی تنازعات کے فوری اورپائیدار حل کی راہ ہموار کرے گی۔