لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت ایف آئی اے کے ذریعے من گھڑت انکوائری کروا رہی ہے۔
سابق وزیر مملکت نے ایف آئی کی جانب سے طلبی کے نوٹس کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم والے عمران خان کے وفادار ساتھیوں پر کیسز بنا رہے ہیں یہ اپنا شوق پورا کریں ہم ڈٹ کر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، ایف آئی اے پیش ہونے کے حوالے سے وکلا کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا۔
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کو ایف آئی اے نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن کی تحقیقات کیلئے 21 فروری کو طلب کیا ہے اس حوالے سے انہیں فیصل آباد آفس میں پیش ہونے کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔