کراچی پولیس آفس حملہ ، افغان بستی سے 3 مشکوک افراد زیرحراست

Published On 20 February,2023 10:51 am

کراچی: (ویب ڈیسک ) کراچی پولیس آفس حملے کی تحقیقات میں تیزی ، قانون نافذ کر نے والے اداروں نے تین مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق کراچی پولیس آفس پر حملے کے سہولت کاروں کی تلاش میں رات گئے مزید چھاپے مارے گئے جس میں سی ٹی ڈی نے افغان بستی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے تین مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر افغان بستی میں کارروائی کی گئی، اس دوران ایک  مکان پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے حراست میں لیے گئے افراد سے کچھ موبائل سمز بھی برآمد کر لی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں :کراچی پولیس آفس حملہ ، ایک اور زخمی پولیس اہلکار دم توڑگیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ جیو فینسنگ میں 100میں سے 12 بند نمبروں کو سموں سے میچ کیا جارہا ہے جبکہ جیو فینسنگ میں حملے کے وقت 100 سے زائد نمبروں کو مشکوک قرار دیا گیا اور 10 سے 12 نمبر حملے کے بعد سے بند ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس آفس پر حملےکا مقدمہ صدر تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانے میں درج کیا گیا تھا ۔

واضح رہے کہ جمعہ17 فروری کی رات کراچی پولیس ہیڈ آفس پر ہونے والے حملے میں تمام دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ پولیس اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید اور 18افراد زخمی ہوئےتھے