اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت اور پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل نے کہا ہے کہ عمران خان خود تو ضمانتیں لیتا پھرتا ہے اور جیل بھرو تحریک کا اعلان بھی کرتا ہے۔
اپنے بیان میں قادر پٹیل نے کہا کہ پی ٹی آئی والے بھی سیانے ہو چکے ہیں، شیخ رشید کرائے کے سیاستدان ہیں، عمران خان سے پیشگی معاوضہ لیکر گرفتاری دیں گے، پی ٹی آئی کے کچھ لیڈر ہسپتال میں داخل کرانے کی درخواست کر رہے ہیں، پی ٹی آئی والے گرفتاری دینے کے خوف سے ہسپتال آئے تو ضرور داخل ہوں گے، جو پہلے دو دنوں کیلئے جیل گئے تھے ابھی تک رو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر قادر پٹیل نے مزید کہا کہ میڈیا پر شکلیں دکھانے والوں نے ابھی گرفتاری دینے کا اعلان نہیں کیا، عمران خان نے گرفتاری دی تو سندھ کے جیل میں بھرپور خیال رکھا جائے گا، عمران خان گرفتاری دیں اور وعدہ کریں کہ ایک سال ضمانت کی درخواست نہیں دیں گے، بہترین سرکاری ڈاکٹر عمران خان کی ٹانگ کا بہترین علاج کریں گے۔