عمران خان جیل بھرو تحریک پر جلد یو ٹرن لے لیں گے: قمر زمان کائرہ

Published On 21 February,2023 11:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ جج صاحبان کو فیصلے دینے چاہئیں، ان کو دیکھنا چاہیے کہ کیا ہو رہا ہے، عمران خان جیل بھرو تحریک شروع کر رہے ہیں اور ضمانتیں لے رہے ہیں، جلد جیل بھرو تحریک پر یوٹرن لے لیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی قمر زمان کائرہ نے کہا کہ صدر صاحب نے خود کو عمرانی جیالہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے، وہ اختیار جو صدر کے پاس نہیں تھا انہوں نے وہ استعمال کرنے کی کوشش کی ہے، صدر پاکستان نے آئین کو توڑا ہے، آئین سے کھلواڑ کیا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان نے خط لکھ کر صدر صاحب کو حکم دیا، پاکستان کا آئین ہم سب کے لئے مقدم ہے، آئین میں صدر اور گورنر کے اختیارات واضح ہیں، صدر صاحب نے جو اختیار استعمال کیا اس کا کوئی وجود نہیں، یہ ہمارے لئے کوئی اچھی مثال نہیں، انتہائی خراب مثال ہے، الیکشن کمیشن با اختیار اور آئینی ادارہ ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ کل ڈرامے کا جو ڈراپ سین ہوا وہ 5 روز سے جاری تھا، لوگوں کی ٹانگ کٹی ہو تو 5 ماہ میں ٹھیک ہو جاتی ہیں، ایسا کوئی زخم نہیں ہوتا جو اتنے دن بعد بھی نہ بھرے، عمران خان نے حفاظتی ضمانت کی درخواست دی ہے یہ کمال ہے، قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہیے، عمران خان اصل میں عدالتی مفرور ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہمیں اپنے اداروں کے کام پر دکھ ہے لیکن ہم اداروں کے ساتھ ہیں، عدالت کا احترام لوگوں کے دلوں میں عدالتی فیصلوں سے ہو گا، ہمارے ساتھ ہمیشہ امتیازی سلوک رہا، سیاست میں فاشزم عمران خان نے قائم کی، ہمیں سیاست کی غلطیوں کو ٹھیک کرنا چاہیے، اس وقت ہم پاکستان کو مزید غلطیوں کا متحمل نہیں کر سکتے۔