ساہیوال: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف واپس آکر ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔
ساہیوال میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان مشکلات کا شکار ہے، سیاسی اور معاشی بحران ہے، ملک میں اس وقت عدالتی بحران بھی ہے، ملک بحرانستان بنا ہوا ہے، ان بحرانوں کے پیچھے ایک ہی چہرہ فتنہ خان ہے، گزشتہ 8 ماہ سے کبھی دھرنا کبھی لانگ مارچ، کبھی جیل بھرو تحریک کر رہا ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ فتنہ خان نے ملک کو بحران سے دوچار کر دیا ہے، عمران خان کی جیل بھرو تحریک کوعوام نے مسترد کر دیا، نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، نواز شریف نے ملک کو دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی، انہوں نے ملک کو ترقی دی اور ملک کو بحرانوں سے نکالا، بے شرم عمرانی ٹولے نے ملک کو بحرانوں سے دوچار کیا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اب بھی ملک کا حل نوازشریف ہے، قوم نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کرے تو تمام بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، مریم نواز نے اس فتنہ خان کو چیلنج کیا ہے، مریم نواز فتنہ خان سے نجات دلائے گی، مریم نواز کا ساتھ دیں تاکہ فتنے کو ختم کیا جائے، نواز شریف واپس آکر ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔