متحدہ قومی موومنٹ نے مردم شماری پر اعتراضات اٹھا دئیے

Published On 27 February,2023 07:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ نے مردم شماری پر اعتراضات اٹھا دئیے، ساتویں قومی خانہ و مردم شماری آغاز سے ہی متنازعہ ہونے لگی۔

بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، قوم پرست جماعتوں کو مردم شماری کے مجموعی طریقہ کار، مختص دنوں پر اعتراض ہے، متحدہ قومی موومنٹ نے چیف شماریات کو ہنگامی مراسلہ بھجوا دیا۔

ایم کیو ایم کا خط چیف شماریات، صوبائی سینسز کمشنر کو موصول ہو گیا، ایم کیو ایم نے خط میں خانہ و مردم شماری کے لیے مختص دن، خود شماری پر اعتراض کیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ آبادی کو مکمل گننے کے لئے سارا عمل شفافیت کے ساتھ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارا ہمیشہ سے مطالبہ ہے مردم شماری منصفانہ اور آزادانہ ہو: امین الحق

ایم کیو ایم نے کہا کہ گھرشماری کے لیے صرف 3 دن مختص کرنا ناکافی ہیں، 3 دن میں کراچی جیسے گنجان آباد شہر میں گھروں کو شمار کرنا ممکن نہیں ہو گا، متحدہ قومی موومنٹ نے وفاقی ادارہ شماریات سے قومی خانہ و مردم شماری کے لیے دن بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایم کیو ایم نے کہا کہ گھر شماری کے لیے 3 کے بجائے کم از کم دس دن مختص کیے جائیں، قومی خانہ و ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے تینوں مراحل کے دنوں میں اضافہ کیا جائے۔
 

Advertisement