اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) قائداعظم یونیورسٹی میں دو طلباء تنظیموں میں تصادم کے باعث یونیورسٹی کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا گیا جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے ہاسٹلز میں رہائش پذیر طلبا و طالبات کو ہاسٹل فوری طور پر خالی کرنے کا نوٹس بھی جاری کر دیا۔
قائداعظم یونیورسٹی میں دو طلباء تنظیموں میں جھگڑا مین ہٹس کے معاملے پر ہوا، لڑائی کے دوران دونوں جانب سے طلبا نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں، لوہے کے راڈز اور پتھروں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 16 طلبا زخمی ہو گئے، لڑائی کے دوران یونیورسٹی کی ایمبولینس کے شیشے بھی توڑ دیئے گئے۔
لڑائی کے دوران زخمی ہونے والے طلبا میں گہرام، دانش، وسیم شاہ زیب، مراد، یحییٰ، مبارک، کاشف، فیصل، گہرام اکبر ، قاسم، محمود، فاروق، کامران، جہانزیب اور زکریا شامل ہیں جبکہ تمام زخمی طلبا کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او کوہسار بھی پتھر لگنے سے زخمی ہوئے جبکہ اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے ایف سی کو طلب کیا اور حالات مزید خراب ہونے کے خدشہ کے باعث رینجرز اہلکاروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ۔