اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا کو مشاورت کیلئے خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا کو خط لکھنے کا حتمی فیصلہ آج ہونے والے اجلاس میں ہو گا، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے تیار ہے، انتخابی شیڈول 54 دن پر محیط ہوگا، اداروں کے عدم تعاون پر آرٹیکل 220 کا سہارا لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت کا چیف الیکشن کمشنر کو خط، انتخابات بارے ہنگامی اجلاس کی دعوت
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے متعلقہ ونگز کو تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی، اس کے علاوہ سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان الاٹ کرنے کیلئے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 216 کے تحت 8 مارچ تک درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا ایوان صدر کو خط ، مشاورتی عمل کا حصہ بنانے سے معذرت
الیکشن کمیشن کے مطابق درخواستیں 8 مارچ تک سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بھیجی جا سکتی ہیں، تاخیر سے بھیجی گئی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا، درخواستوں کے ساتھ بیان حلفی بھی جمع کرانا ہوگا۔