اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان خود دہشتگردوں کے حامی اور طرفدار رہے ہیں، انہیں کس سے خطرہ ہے، دراصل وہ نہیں چاہتے کہ ملزم کی حیثیت سے عدالت میں پیش ہوں۔
عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایک جھوٹا شخص الف لیلیٰ کی داستان لے کر ٹی وی پر بیٹھ جاتا ہے اور شر اور فساد پھیلانے کی کوشش کرتا ہے، جیل بھرو تحریک کی ناکامی کے بعد مزید شرمندگی سے بچنے کی خاطر تحریک معطل کر کے ایک اور کہانی شروع کر دی ہے۔
وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ عمران خان اگر سمجھتے ہیں کہ ان کی جان کو خطرہ ہے تو پھر مجمع اکٹھا کرکے عدالتوں پر دھاوا کیوں بولتے ہیں؟، جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پر کیا گیا حملہ عدلیہ کو خوفزدہ کرنا نہیں تھا تو اور کیا تھا؟، آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں قانون کے مطابق خریدیں جو ابھی تک ان کے پاس زیر استعمال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بیگم نے غیرملکی حکمرانوں کی طرف سے ملنے والے تحفے توشہ خانوں سے چھپائے اور ان کو بازار میں بیچا، ممنوعہ فارن فنڈنگ اس بات پر سوال کر رہی ہے کہ اسرائیلی اور بھارتی شہریوں نے ان کی فنڈنگ کیوں کی تھی، کیا وہ ان کے چاچے مامے تھے؟، بند کمرے میں کیمرے کے سامنے معصوم سی شکل بنا کر عمران خان قوم کو مزید گمراہ نہیں کر سکتے۔