پی ٹی آئی حکومت چور دروازے سے آئی، عمران ملک کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے، شرجیل میمن

Published On 02 March,2023 07:56 pm

حیدرآباد: (ویب ڈیسک) سندھ کے وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک میں پی ٹی آئی کی حکومت چور دروازے سے آئی تھی، عمران خان ملک کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے الیکشن نہیں، پاکستان کو دیکھنا ہے کہ مہنگائی سے کس طرح نمٹا جائے، پی ٹی آئی کی نا اہلی کی ملکی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی، پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے بنا کسی پلان کے وعدے کئے اور ان سے مکر گئے، یہاں ان کا یوٹرن کام نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کراچی نے بھی مردم شماری شفاف انداز میں کرانے کا مطالبہ کر دیا

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 3 سال میں سیکرٹری فنانس اور اسٹیٹ بینک کے گورنر کو بار بار تبدیل کیا گیا، جب نئے ٹیکس لگانے تھے تو پی ٹی آئی حکومت نے نہیں لگائے کیونکہ انہیں نظر آ رہا تھا وہ جا رہے ہیں، سندھ حکومت جواب دہ ہے ہم لوگوں کو ریلیف دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خوراک کو وزیر اعلیٰ سندھ نے گندم کی خریداری جلدی کرانے کی ہدایت کی اور ہر ضلع میں پرائس کنٹرول کو یقینی بنایا جا رہا ہے، عمران خان سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کو انتشار کی جانب دھکیل رہا ہے اور اب یہ عیاں ہو چکا ہے کہ عمران خان کسی ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے فیصلے میں ابہام نہیں، اس کو ماننا ہی پڑے گا: اعتزاز احسن

شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو آئین پاکستان کے تحت نکالا گیا وہ جھوٹا بیانیہ بیچنے کی کوشش کرتا ہے، عمران خان کا نعرہ تھا مجھے کیوں نہیں بچایا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مزید رعایت دینا یا لاڈلہ بنانا اچھا نہیں ہو گا۔