پاکستان کسی کے باپ کی جاگیر نہیں جو چاہے کھلواڑ کرے : مصطفیٰ کمال

Published On 06 March,2023 12:34 am

کراچی : ( دنیا نیوز ) متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اللہ پاک حق والوں کے ساتھ ہے یہ اسکا وعدہ ہے، زمانے میں اگر باطل سر چڑھ کر بول رہا ہے تو حق والوں کی کوشش میں کمی ہے۔

جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ آج اتنی قربانیوں کے باوجود کراچی خون آلود ہو رہا ہے، پورے ملک کو ریونیو دینے کے باوجود بنیادی سہولیات سے محروم ہے، آج اس شہر کا باسی مایوس اور مشکل میں ہے، آج ہمارے 40 سال پرانے مسائل کئی گنا بڑھ کر ہمارے سر پر کھڑے ہیں، ہم اپنی آنے والی نسلوں کو مسائل سے نکال کر روشن سندھ ، روشن کراچی اور پاکستان دینا چاہتے ہیں، پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کی امید ختم ہوتی جارہی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس شہر کے سرکاری اداروں میں آج بھی ہمارے کئی لوگ ہیں جو اپنے منصب سے وفا نہیں کر رہے، جو کردار کا ٹھیک نہیں وہ ظالم کے آگے کھڑا نہیں ہو سکتا، آج بھی ایم کیو ایم کی وجہ سے لوگوں کی حکمرانی اور سلطنت چل رہی ہے، ہمارے دلوں کے حال کوئی جانے نا جانے رب جانتا اور پہچانتا ہے، ہم حقوق لے کر لوگوں کو اپنی زندگیوں میں دیں گے کسی کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کسی کے باپ کی جاگیر نہیں جو چاہے کھلواڑ کرے، آپ کوچیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کو روکنا ہوگا، عمران خان اپنے نام کے ساتھ ایم کیو ایم لگا کر دیکھیں پتا لگے گا کہ ٹارچر کیا ہوتا ہے، چار سال میں عمران خان نے ملک کا بیڑا غرق کیا۔