اسلام آباد: (دنیا نیوز) قائد اعظم یونیورسٹی میں طلباء تنظیموں کے درمیان ہونے والے تصادم پر ایکشن لیتے ہوئے انتظامیہ نے جھگڑے میں ملوث 79 طلباء کو یونیورسٹی سے نکال دیا۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق 79 طلباء کی ڈگریاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں، طلباء کے خلاف کارروائی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے قائداعظم یونیورسٹی میں دو طلباء تنظیموں میں جھگڑا ہوا تھا جس میں ڈنڈوں، لوہے کے راڈز اور پتھروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، جھگڑے میں 16 طلباء زخمی ہوئے تھے جس کے بعد جامعہ کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا تھا۔