لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم آئین و قانون کے مطابق آگے چلیں گے، الیکشن کا بغل بج چکا ہے اسی ہفتے ٹکٹوں کا پراسس مکمل ہو جائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ اجلاس میں شعیب شیخ کی گرفتاری کی شدید مذمت کی گئی ہے، علی بلال کی کل شہادت ہوئی، جس میں نگران وزیر اعلیٰ، آئی جی پنجاب، سی سی پی او، ایڈیشنل آئی جی براہ راست ملوث ہیں، ان چار پر قتل کا مقدمہ ہو گا، آج ہماری چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ ملاقات ہوئی، الیکشن کمیشن نے دباؤ کے باوجود انتخابات کا اعلان کیا۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مزید کہا کہ اگر ادارے فنکشنل ہوں گے تو لوگ تعریف کریں گے، ہم نے الیکشن کمیشن کو 22 افسران نہ لگانے کی فہرست دی تھی، ہم امید کرتے ہیں الیکشن کمیشن ان افسران کو ہٹائے گا، الیکشن کمیشن اگر یہ اقدام کرے گا تو ساتھ دیں گے، سینئر لیڈر شپ نے سپریم کورٹ کو تقسیم کرنے کی سازشوں کی بھی مذمت کی، ہم عدلیہ بچاؤ مہم شروع کر چکے ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ آج 3 بار ایسوسی ایشنز نے حکومتی اقدامات کی مذمت کی ہے، دیگر بار ایسوسی ایشنز نے کل کے واقعے کی مذمت کی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھی پاکستان کے حالات پر تشویش کا اظہار کر رہی ہیں، عمران خان کو گرفتار کیا جاتا ہے تو وقت آنے پر حکمت عملی سامنے لائیں گے، ان کو گرفتار کرنے کا مقصد پاکستان کو بہت بڑے بحران میں لانا ہے۔