اسلام آباد : (دنیانیوز ) الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کے پی میں الیکشن سکیورٹی سے متعلق اجلاس آئندہ ہفتے دوبارہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پنجاب اور کے پی میں الیکشن سکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس ہوا ، اجلاس میں دونوں صوبوں کی سی ٹی ڈی اور حساس ادروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے جبکہ حساس اداروں کی جانب سے امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں :الیکشن کمیشن کا فنڈز اور سکیورٹی اہلکاروں کی فراہمی کیلئے جلد وفاق سے رابطے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے الیکشن سکیورٹی سے متعلق آئندہ ہفتے دوبارہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ، اجلاس میں وزرات دفاع اور وفاقی حساس اداروں کے حکام بریفنگ دیں گے۔
الیکشن کمیشن تمام اداروں کی بریفنگ کے بعد آئندہ ہفتے الیکشن سکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے کریگا۔
اضافی نفری طلب
الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا نے انتخابات کیلئے ساڑھے 3 لاکھ اضافی نفری مانگ لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں پولیس کے علاوہ 2 لاکھ97 ہزار دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار درکار ہوں گے جبکہ خیبر پختونخوا میں 56 ہزار مزید نفری درکار ہوگی۔
بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ دونوں صوبوں میں تقریباً 67 ہزار پولنگ سٹیشنز قائم کیے جائیں گے، پنجاب میں تقریباً 52 ہزار جبکہ کے پی میں 15 ہزار پولنگ سٹیشن قائم ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں :پنجاب میں 30 اپریل کو عام انتخابات، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا
ڈی آر اوز انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کریں گے جبکہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشن میں سی سی ٹی وی کمیروں کے علاوہ دیگر اداروں کے سکیورٹی اہلکار درکار ہوں گے۔