اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں سال 1 لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے، درخواستوں کی وصولی 16 سے 31 مارچ تک ہوگی جبکہ قرعہ اندازی اپریل کے پہلے ہفتے ہوگی، عازمین کیلئے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔
وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے پریس کانفرنس میں نئی حج پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال 11 لاکھ 75 ہزار روپے کے اخراجات کا تخمینہ ہے، شمالی ریجن کیلئے اخراجات کا اندازہ 11 لاکھ 75 ہزار روپے لگایا گیا ہے جبکہ جنوبی ریجن کیلئے 11 لاکھ 65 ہزار کا پیکیج ہوگا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ سرکاری حج پیکیج کے تحت حج پر جانے والوں سے صرف لاگت کے اخراجات لیے جاتے ہیں، سعودی حکومت نے گزشتہ برس کے مقابلے رواں سال حج کے لازمی اخراجات میں کمی کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو اس سال ملکی کوٹہ مکمل حاصل ہوگا ، کسی کو بھی مفت سہولت حاصل نہیں ہوگی، روپے کی گراوٹ کے باعث اخراجات پر اثر پڑا ہے پھر بھی بھارت، بنگلا دیش اور افغانستان کے مقابلے میں کم ہیں، بچت کی صورت میں عازمین حج کو پیسے واپس کیے جائیں گے۔
مفتی عبدالشکور کا مزید کہنا تھا کہ عازمین حج کو منیٰ اورمزدلفہ میں ٹرین سہولت میسرہوگی جبکہ سعودی عرب میں حج کے دوران ماسک پہننا لازمی ہوگا۔