رمضان المبارک میں عمرہ کی بکنگ نسک ایپ میں دستیاب ہے: سعودی وزارت حج

Published On 10 March,2023 03:15 pm

ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عمرہ کے خواہشمند افراد نسک ایپ کے ذریعہ بکنگ کرسکتے ہیں۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نسک ایپ پر بکنگ کی سہولت مقامی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور عمرہ زائرین کے لیے دستیاب ہے۔

وزارت نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عمرہ کے خواہشمند اب نسک ایپ کے ذریعہ مناسب وقت کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں۔

وزارت نے وضاحت کی ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین بکنگ کرنے سے پہلے عمرہ ویزا جاری کرالیں اور عمرہ ویزہ کے بغیر نسک ایپ پر بکنگ نہیں ہوسکتی۔

وزارت کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں عمرہ بکنگ نسک ایپ کے علاوہ توکلنا ایپ کے ذریعہ بھی ہوسکتی ہے، مسجد الحرام میں بہترین سہولتوں سے فائدہ اٹھانے اور آرام سے مناسک ادا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ جو وقت طے کیا جائے اس کی پابندی بھی کی جائے۔