نیویارک: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں نئی فاشسٹ پالیسیوں کے تحت مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے عالمی دن کی یادگاری تقریب سے خطاب میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلاموفوبیا آج کے دورکا ایک اہم مسئلہ ہے، اسلام امن اور رواداری کا دین ہے، اسلاموفوبیا کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
— PPP (@MediaCellPPP) March 10, 2023
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، اسلام کو بدقسمتی سے دہشت گردی کے ساتھ جوڑا جاتا رہا، دنیا میں منظم طریقے سے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلمانوں کو دنیا بھر میں امتیازی سلوک کا سامنا ہے، انتونیو گوتریس
بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلمانوں کو مذہب کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، کرائسٹ چرچ جیسے واقعات سے پتا چلتا ہے کہ اسلاموفوبیا دنیا میں پھیل رہا ہے، حجاب جیسے معاملات کو سیاست میں لانے کا مقصد اسلام کو نشانہ بنانا ہے۔