کراچی: (دنیا نیوز) کیماڑی کے علاقے علی محمد گوٹھ میں مبینہ زہریلی گیس سے مرنے والوں کے پوسٹمارٹم کیلئے قبر کشائی کی گئی۔
عدالتی احکامات پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں یوسف شاہ قبرستان میں قبر کشائی کی گئی، قبر کشائی کیلئے پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کی جانب سے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا، جس میں ڈاؤ یونیورسٹی فرانزک میڈیسن کے ہیڈ ڈاکٹر ذکی الدین، ویمن میڈیکل پولیس افسر مہک عرفان، میڈیکو لیگل افسر سول ہسپتال ڈاکٹر گلزار، ڈاکٹر عمران، ڈاکٹر نظام شامل ہیں۔
میڈیکل بورڈ کے مطابق جاں بحق افراد کی قبر کشائی کر کے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا اور سیمپل لئے جائیں گے، پوسٹ مارٹم کے ذریعے موت کی وجہ کا تعین کیا جائے گا، پوسٹ مارٹم رپورٹ کو پولیس تحقیقات کا حصہ بھی بنایا جائے گا، گزشتہ دنوں 4 افراد کی قبر کشائی کر کے نمونے حاصل کیے گئے تھے، آج مزید 4 افراد کی قبر کشائی کی گئی ہے۔