کراچی : (دنیا نیو ز) سندھ حکومت نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف فوج اور رینجرز کے ساتھ مل کر آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کچے کے علاقے میں پولیس کو ملٹری گریڈ کے اسلحے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملٹری گریڈ کے اسلحے کی خریداری کی سفارش ایپکس کمیٹی کے 5 جنوری 2023ء کو ہونے والے اجلاس میں کی گئی تھی ، ملٹری گریڈ کے اسلحے کی خریداری کے لیے 2.7 بلین روپے کی ضرورت ہے۔
کابینہ نے فنڈز منظور کر کے اسلحہ خریدنے کی بھی منظوری دے دی ، کابینہ کی منظوری سے سندھ حکومت اسلحے کی خریداری کے لیے وزارتِ داخلہ سے این او سی لے گی۔
سندھ کابینہ نے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکوؤں کے خلاف کچے میں مشترکہ آپریشن ہو گا، جس میں سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی پولیس کے ساتھ رینجرز اور فوج بھی حصہ لیں گی۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشترکہ اور پری پلان آپریشن ہو گا جو آئی جی پولیس اپنی منصوبہ بندی سے شروع کریں گے۔