حیدر آباد: (دنیا نیوز) کوٹری کے علاقے میں رشتے سے انکار کرنے پر 19 سالہ لڑکی کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
کوٹری سائٹ مسلم ٹاؤن کے علاقے کھڈا کالونی کے رہائشی رجب چانڈیو کی 19 سالہ بیٹی افروز چانڈیو پر اس کے کزن ندیم چانڈیو نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور فرار ہو گیا، اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے کر بلاول میڈیکل ہسپتال کوٹری منتقل کر دی۔
حیدرآباد پولیس نے بتایا کہ 2 روز قبل ندیم چانڈیو کے ورثا نے لڑکی کے والدین سے رشتہ مانگا جس کے انکار پر نوجوان نے قتل کر دیا، واقعے کا ڈی آئی جی حیدرآباد نے بھی نوٹس لے لیا، ایس ایس پی جامشورو سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزم کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کر دیئے۔