لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ میں الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی درخواست پر سماعت کی، اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ تحریک انصاف کے علاوہ تمام سیاسی جماعتیں کنونشن کر رہی ہیں، پی ٹی آئی نے ریلی نکالنے کا کہا تو دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد دفعہ 144 نہیں لگائی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے دفعہ 144 کا نفاذ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا
وکیل کے دلائل سننے کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے، عدالت نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی معاونت کیلئے طلب کر لیا، عدالت عالیہ نے نوٹس میں کہا کہ درخواست میں اہم نکات اٹھائے گئے ہیں تمام فریقین شق وار جواب جمع کرائیں۔