قصور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ہم میدان میں ہیں اور الیکشن میں تحریک انصاف کو عبرتناک شکست دیں گے، عمران خان کے خلاف ہمارا جہاد ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے کہا کہ ہم ہر وقت الیکشن کے حامی ہیں، پبلک مینڈیٹ جب بھی آئے ہم ویلکم کرتے ہیں، ہمارا آئین اللہ کے بعد عوام کی حاکمیت کو سپورٹ کرتا ہے، عمران خان نے اداروں، عدالت اور ریاست کو داغدار کرنے میں کیا کچھ نہیں کیا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے مزید کہا کہ آجکل عمران خان نے آر اوز پر اعتراض کر دیا، ججز اگر آر اوز تعینات نہیں کریں گے تو کیا ہم پی ٹی آئی ورکرز کو آر اوز بنا کے بٹھائیں گے، وفاقی حکومت بیٹھی ہے بس دو صوبوں میں الیکشن نہیں ہیں، دو صوبوں میں 90 دن کی قید ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ پوری حکومت بیٹھی ہے جب دو صوبوں میں الیکشن ہوں گے تو کیا یہ بیرئیرز کراس کریں گے، عمران خان کا واحد مقصد ہے کہ پاکستان کے لوگوں کا انتخابی عمل سے اعتبار اٹھ جائے، پاکستان کی ریاست کے خلاف یہ کسی ایجنڈے پر ہے۔