لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی۔
جسٹس شاہد کریم 13 مارچ کو درخواست پر سماعت کریں گے، درخواست شہری منیر احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے جس میں پیمرا، وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قانونی طور پر عدالتی اشتہاری کے بیان اور تقاریر کو میڈیا پر نشر نہیں کیا جا سکتا، پیمرا قوانین کے تحت بھی عدالتی اشتہاریوں کی تقاریر اور بیان نشر کرنے پر پابندی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ قانون کے تحت نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی، پیمرا کے حکمنامہ کے باوجود نواز شریف کے بیان اور تقاریر نشر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پیمرا کو نواز شریف کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے سے روکنے کا حکم دے۔