اسلام آباد: (دنیا نیوز) خاتون جج کو دھمکی دینے سے متعلق کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کر دیا۔
سیشن جج طاہر محمود کے رخصت پر ہونے کے باعث ڈیوٹی جج سکندر خان کی عدالت میں درخواست دائر کی گئی، درخواست عمران خان کی وکیل نعیم حیدر پنجوتھا اور انتظار حیدر پنجوتھا کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
خیال رہے کہ سیشن کورٹ نے گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔
پس منظر
خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان 13 مارچ کو بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے سکیورٹی خدشات پر حاضری سے استثنیٰ کی دائر درخواست خارج کرتے ہوئے عمران خان کو 29 مارچ تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔
عمران خان کے وکلاء کی جانب سے بریت کی درخواست بھی کی گئی جس پر عدالت نے دلائل کیلئے آئندہ سماعت پر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔
یہ بھی پڑھیں: خاتون جج کو دھمکی دینے کا کیس، عمران خان نے بریت کی درخواست دائر کردی
دوران سماعت وکیل صفائی انتظار پنجوتھا نے کہا کہ عمران خان سابق وزیراعظم ہیں، وزیرآباد میں ان پر قاتلانہ حملہ ہوا، ابھی تک عمران خان مکمل صحت یاب بھی نہیں ہوئے، عمران خان پر دوبارہ قاتلانہ حملہ ہوسکتا ہے، عمران خان عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں نہ کوئی بہانہ کر رہے ہیں، آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔
بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کر دی۔
واضح رہے کہ خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے۔