لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بیٹی سے خرافات پھیلانے کے بجائے نواز شریف واپس آئے اور میدان میں مقابلہ کرے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ بے معنی، تضادات سے بھرپور اور معقولیت سے یکسر خالی گفتگو قوم کے نوجوانوں کے ساتھ زیادتی ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، کیلبری کوئین بنیادی طور پر 2 غلط فہمیوں کی شکار ہے، وہ سمجھتی ہے کہ قوم کا حافظہ کمزور اور پاکستان 90 کی دہائی میں زندہ ہے۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ براہ راست سرکاری وسائل یا لوٹ مار کے پیسے سے میڈیا سیلز تو بنائے جا سکتے ہیں لیکن نواز شریف کی اصلیت نہیں چھپائی جا سکتی، توشہ خانہ کی نامکمل تفصیلات نے مریم نواز اور نواز شریف کے گھٹیا پن کو قوم پر مزید عیاں کیا ہے، انناس والی باجی کے والد بی ایم ڈبلیو اور باقی سارا ٹبر مل کر گھڑیوں پر ہاتھ صاف کرتا رہا۔
سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ نواز شریف کے صاحبزادے جو عدالتوں کیلئے برطانوی شہری ہیں وہ بھی توشہ خانہ پر ہاتھ صاف کرتے رہے، توشہ خانہ لوٹنے میں اطلاعات والی کنیز اور دیگر درباری بھی پیش پیش رہے، اعلیٰ عدالتی کمیشن بٹھا کر تلاشی لی جائے، جاتی امراء کے قزاقوں سے چوری کا لمبا مال برآمد ہو گا، بھاگا ہوا بدزبان دختر کے ذریعے قوم کو گمراہ کرنے کے خواب دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا نوجوانوں میں پایا جانے والا غیر معمولی شعور چوروں کے خلاف مزاحمت کی نوید ہے، سرپرستوں کی انگلیوں پر ناچنے والی کٹھ پتلیوں کا حساب کتاب عوام اپنے ذمے لے چکے، لاہور کی سڑکوں پر رواں دواں عوام کا سیلِ رواں کیلبری کوئین اور ٹبر کیلئے انجام کا پیغام ہے۔