لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر تعمیل کے لیے پولیس اور پی ٹی آئی کارکن آمنے سامنے آگئے، زمان پارک میدان جنگ بن گیا۔
عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ زمان پارک موجود ہے، پولیس نے زمان پارک جانے والے تمام راستے بند کر دیے ہیں، پولیس کو پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
— PTI (@PTIofficial) March 14, 2023
پولیس کی بکتر بند گاڑی زمان پارک پہنچ گئی ہے، پی ٹی آئی کارکنوں کی بھی آمد جاری ہے جبکہ ڈنڈا بردار کارکن بھی موقع پر موجود ہیں۔
— Zeeshan Imran (@zeeshanimranpti) March 14, 2023
پولیس کی جانب سے دو افسروں نے گرفتاری کا نوٹس وصول کرانے کے لیے ہاتھ میں پلے کارڈ اٹھا رکھے ہیں، پلے کارڈز پر نوٹس وصول کرانے کے حوالے سے تحریر موجود ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری عمران خان کی گرفتاری کے لیے زمان پارک میں اسلام آباد پولیس کی قیادت کر رہے ہیں، پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ شہرکے تمام تھانوں میں نفریاں اکٹھی کی جا رہی ہیں، اینٹی رائٹ یونٹ کو آنسو گیس کے شیل بھی فراہم کر دیے گئے ہیں، ایک ہزار سے زائد نفری کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری کا کہنا ہے کہ ان کے پاس عمران خان کے وارنٹ گرفتاری موجود ہیں جس کی تعمیل کے لیے زمان پارک آئے ہیں۔
پولیس عمران خان کی رہائش گاہ پہنچ گئی، جہاں پولیس پرپتھراؤ شروع ہو گیا، عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر سے پتھراؤ کے باعث پولیس پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئی، پتھراؤ ہونے سے ڈی آئی جی اسلام آباد نفری کے ساتھ پیچھے ہٹ گئے۔
پولیس نےدوبارہ سے واٹر کینن، شیلنگ کا استعمال شروع کر دیا، فوری طور پر رینجرز کو طلب کر لیا گیا، اس دوران پولیس نے چاروں اطراف سے زمان پارک کو گھیر لیا ہے۔