اسلام آباد: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان کے وزیر اطلاعات فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ زمان پارک میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور 3 وزراء کے ساتھ ان کی اپنی سکیورٹی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فتح اللہ خان نے کہا کہ زمان پارک میں جو حالات چل رہے ہیں اندازہ ہو رہا ہے کہ مقصد کی تکمیل کے نزدیک ہے، عمران خان جتنا اداروں کا احترام کرتے ہیں تاریخ میں شاید کسی نے کیا ہو، رانا ثناءاللہ کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں لیکن کونسی فورس گئی ہے، یہ لوگ خود سپریم کورٹ کے احکامات ماننے سے انکار کر رہے ہیں۔
فتح اللہ خان نے کہا کہ یہ لوگ انارکی جیسے حالات پیدا کر کے الیکشن سے بھاگنا چاہتے ہیں، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، صدر پی ٹی آئی گلگت بلتستان زمان پارک میں موجود ہیں، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور 3 وزراء کے ساتھ ان کی اپنی سکیورٹی ہے، یہ بات غلط ہے کہ خان صاحب کی سکیورٹی کیلئے گلگت بلتستان کی پولیس کھڑی ہے، خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ پر سابق وزیر اعلیٰ جی بی کو شرم آنی چاہیے۔
وزیر خزانہ گلگت بلتستان جاوید علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے ساتھ ظلم اس لیے کیا جا رہا ہے کہ وہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، گلگت میں لوگوں کو کھانے کیلئے آٹا نہیں مل رہا، امپورٹ حکومت کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، اس بات کا تاثر دیا گیا کہ گلگت بلتستان کی پولیس نے پنجاب پولیس پر بندوقیں تان لیں، ترقیاتی بجٹ میں ہمیں اصولی طور پر 60 فیصد فنڈز ریلیز ہونے چاہئے تھے۔
جاوید علی نے مزید کہا کہ ہمیں ابھی تک صرف 27 فیصد بجٹ دیا گیا، گلگت بلتستان کی دفاعی اہمیت کو مد نظر رکھا جائے، ہم نے بڑی مشکل سے فرقہ واریت اور قوم پرستی کو روکا ہوا ہے، ہمیں جو گرانٹ دی جا رہی ہے اس سے چار گنا زیادہ ہمارا حصہ بنتا ہے، تاثر دیا جا رہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت کا وفاق کے ساتھ ورکنگ ریلیشن نہیں ہے، ہم وفاقی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔