اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں 16 مارچ سے آندھی، گرد آلود ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور ژالہ باری سے پیدا ہونے والی ممکنہ موسمی صورتحال کے اثرات کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، محکمہ کے مطابق مغربی ہواؤں کا نظام 16 مارچ کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گا جو 17 مارچ کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں پھیل جائے گا، یہ ہوائیں 20 مارچ تک موجود رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے پنجاب کی نگران حکومت کو تقرر و تبادلوں کی اجازت دے دی
اس نظام کے زیر اثر خیبر پختونخوا میں 16 سے 20 مارچ کے دوران چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، شانگلہ، بونیر، ہری پور، کرک ، پشاور، کوہاٹ، چارسدہ ،نوشہرہ، صوابی، باجوڑ، کرم، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور اسلام آباد میں 16 سے 20 مارچ کے دوران مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤ الدین، سیالکوٹ نارووال اور لاہور میں بارش گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سرکاری گندم اور آٹے پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ
17 سے 18 مارچ کے دوران فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور، شیخوپورہ ،ننکانہ صاحب، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بھکر ، لیہ ، کوٹ ادو، خانیوال، ساہیوال، پاکپتن اور بہاولپور میں آندھی ، گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر تیز بارش، ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
محکمہ کے مطابق سندھ میں 17 سے 19 مارچ کے دوران سکھر ، جیکب آباد، لاڑکانہ ، شہید بینظیر آباد، میر پورخاص ، دادو اور کراچی میں آندھی ، گرد آلودہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی انتظامات نہ کیے گئے تو انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہو گا: الیکشن کمشنر پنجاب
کشمیر و گلگت بلتستان میں 16 سے 20 مارچ کے دوران کشمیر (وادی نیلم، مظفر آباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر ، میر پور) گلگت بلتستان (دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنرہ ، گلگت ،گانچے، شگر) میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ برش کاامکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کے ساتھ ساتھ کمزور انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، اس کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مغربی ہواؤں سے بلوچستان میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل
محکمہ موسمیات کی جانب سے سیاحوں کو محتاط رہنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے، بارش کے دوران دن کے درجہ حرارت میں 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔