لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی زمان پارک کے تصادم کے حوالے سے صدر عارف علوی کے ساتھ مبینہ گفتگو کی آڈیو سامنے آگئی ہے۔
مبینہ آڈیو میں یاسمین راشد صدر علوی سے کہہ رہی ہیں کہ عمران خان سے کہیں کہ ہار مان لیں، صورتحال بہت خراب ہے، کارکن پولیس پر پیٹرول بم سے حملے کر رہے ہیں ، کچھ لوگ اور کچھ پولیس والے مر جائیں گے، حالات اتنے خراب ہو سکتے ہیں کہ الیکشن ملتوی ہو جائیں، آپ خان صاحب سے کہیں لڑائی کسی اور دن پر اُٹھا رکھیں۔
صدر عارف علوی نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو جواب میں کہا کہ میں نے بات کر لی ہے، یاسمین راشد بولیں! آپ ان سے کہہ دیں کہ میں بات کر لیتا ہوں عمران خان سے، جس پر صدر عارف علوی کہتے ہیں میں سمجھا نہیں آپ کیا کہہ رہی ہیں۔
یاسمین راشد نے کہا دیکھیں کچھ مر جائیں گے، صورت حال اتنی بری ہو جائے گی کہ الیکشن ملتوی ہو جائیں گے، کچھ پولیس والے مر جائیں گے، میرا خیال ہے آپ خان صاحب کو کہیں کہ give in، باقی آپ کی مرضی۔
یاسمین راشد نے مزید کہا ابھی رینجرز وہاں پر ہے، پیٹرول بم چل رہے ہیں، ان کی واٹر کینن کو آگ لگ گئی ہے، میں تو باہر ہوں، صدر علوی نے جواب دیا میں اسد عمر سے بات کرتا ہوں، یاسمین راشد نے کہا آپ شاہ صاحب سے بھی بات کر لیں وہ خان صاحب کے ساتھ ہیں۔