لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ہم نے عدالت میں درخواست کی ہے کہ ویڈیو لنک کے ذریعے عمران خان کی پیشی ہو جائے، اگر ویڈیو لنک پر سماعت نہیں ہو گی تو عمران خان عدالت جائیں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کا سیاسی طور پر مقابلہ نہیں کر سکتے، عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، کل عدالت کے حوالے سے اپنی اسٹرٹیجی طے کر لی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ قذافی سٹیڈیم اور مینار پاکستان کے درمیان کافی فرق ہے، ہمارے جلسے سے پی ایس ایل کو کوئی خطرہ نہیں، میچ سے پہلے عمران خان کی تقریر ختم ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے ہماری تیاری بالکل ٹھیک چل رہی ہے، ٹکٹوں کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ کے بعد نام شارٹ لسٹ کر لیے ہیں، اگلے ہفتے سے ٹکٹوں کی تقسیم شروع ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے آئی جی پنجاب سمیت 13 افسران کی تعیناتی چیلنج کر دی
اسد عمر نے کہا کہ اتنی ریوڑیاں نہیں بٹتیں جتنی تیزی سے عمران خان کے خلاف کیسز بنائے جا رہے ہیں، آج بھی دو کیسز عمران خان کے خلاف بنا دیئے گئے ہیں، کل حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور میں بھی اپلائی کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ کہنا کہ الیکشن کے لیے پیسہ نہیں مضحکہ خیز بات ہے، مسئلہ پیسے، سکیورٹی کا نہیں ان کے پاس ووٹ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی انتظامات نہ کیے گئے تو انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہو گا: الیکشن کمشنر پنجاب
اسد عمر نے کہا کہ ابھی بھی لاہور کے راستے بند کیے ہوئے ہیں، کارکنان کو کہا ہے ابھی گھر نہیں جانا۔