چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پارٹی صدرچودھری پرویز الٰہی کی ملاقات

Published On 17 March,2023 01:42 am

لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے صدر پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے زمان پارک میں ملاقات کی ہے جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی، قانونی اور عدالتی معاملات پر بات چیت کی ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی جانب سے ان کی رہائش گاہ زمان پارک میں کئے گئے آپریشن کی مذمت کی گئی۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت انتخابات سے خوفزدہ ہے اور انتقامی کارروائیوں میں اندھی ہو چکی ہے، اپنے کارکنوں پر فخر ہے کہ وہ ظلم کے ہر ہتھکنڈے کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت لندن پلان کے تحت الیکشن سے قبل میری گرفتاری یا نا اہلی چاہتی ہے، میں عوام سے کہتا ہوں کہ انتخابات میں کرپٹ مافیا کے خلاف باہر نکلنا ہے۔

دوسری جانب  پرویز الٰہی نے ملاقات کے دوران کہا کہ انتخابات کروانے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے الیکشن نہیں روک سکتے۔

پی ٹی آئی صدر نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی رہائشگاہ  پر پولیس آپریشن مسلم لیگ ( ن ) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی خواہش پر کیا جا رہا ہے اور آپریشن کے دوران انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔

پرویز الٰہی نے صوبائی نگران حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت وفاقی حکومت کی کٹھ پتلی ہے۔

Advertisement