اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا، کمانڈنٹ اے ڈی خواجہ نے وزیر داخلہ کو نیشنل اکیڈمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ نے اکیڈمی میں نئے سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا، سپورٹس کمپلیکس میں زیر تربیت افسران کیلئے جمنیزیم، سکواش کورٹ اور سوئمنگ پول کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، وزیر داخلہ نے اکیڈمی میں ٹیکنیکل اور فزیکل ٹریننگ ایریا کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
اس موقع پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی پولیس افسران کی اعلیٰ تربیت کا ادارہ ہے، پاکستان میں پولیس فورس کو قیادت فراہم کرنے میں قابل تعریف کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کے طلبا میں وہ بہادر افسران شامل ہیں جنہوں نے فرض کی ادائیگی اور ملک و قوم کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کیں، حکومت پولیس افسران کو تربیت دینے کے لیے تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اے ایس پیز کی ٹیکنیکل اور فزیکل ٹریننگ کے لیے 10 ایکڑ اراضی مختص کر دی ہے۔
وزیر داخلہ نے زیر التو منصوبوں کو مکمل کرنے پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔